ہمارے بہادر جوانوں اور عوام کی مشترکہ قربانیوں کے نتیجہ میں قیام امن ممکن ہوا، میجر جنرل عابد لطیف خان

جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ توئی خلہ میں قیام امن کو یقینی بنانے میں دوتانی قبائل نے افواج پاکستان کا مثالی ساتھ دیاجوقابل ستائش ہے،آئی جی ایف سی ساوتھ کا جرگے سے خطاب

جمعہ 22 جون 2018 20:34

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عابد لطیف خان نے کہا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں اور عوام کی مشترکہ قربانیوں کے نتیجہ میں قیام امن یقینی ہوا ہے اب یہی تعاون ملک کے استحکام اور ترقی میں بھی بنیادی کردار ادا کرے گا ان خیالات کااظہار انہوں نے توئی خلہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں قبائلی جرگہ سے خطاب کے دوران کیا جرگہ میں علاقہ میں مقیم دوتانی قبائل کے سرکردہ عمائدین اور فوجی وسول انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقہ توئی خلہ میں قیام امن کو یقینی بنانے میں دوتانی قبائل نے افواج پاکستان کا مثالی ساتھ دیاجوقابل ستائش ہے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں امن کے قیام میں افواج پاکستان کی قربانیاں اور تعاون قابل قدر ہے علاقہ عوام نے امن دشمنوں کے خلاف جس طرح ماضی میں قربانیاں دیں ہم آج بھی یہی اعلان کرتے ہیں کہ توئی خلہ میں کسی کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جنوبی وزیرستان ایجنسی کے عوام امن پسند ہیں اور علاقہ میں امن کے استحکام اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور تسلسل میں مستقبل میں بھی افواج پاکستان کے ساتھ تعاون کاسلسلہ جوش و جذبہ سے جاری رکھا جائے گا