اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت، عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ‘ میاں مقصود احمد

گزشتہ پانچ سالوں میں عوام کو مہنگائی ،بے ورزگاری اور لوڈشیڈنگ کے سوا کچھ نہیں ملا ‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 22 جون 2018 20:16

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت، عوام کی زندگی اجیرن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ سابق حکمران عملاً22کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ایک طرف مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ دوسری طرف پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں پر قابوپانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔

۔اشیا خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔جس کے باعث عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ جوں کی توں ہے ۔کسی قسم کی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ۔شہروں میںچار سے چھ گھنٹے اور دیہات میں 8 سے 10گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کی مشکلات میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ پاکستان میں متبادل ذرائع سے سستی بجلی پیداکرنے کے بے پناہ امکانات موجود ہیںمگربات حکمرانوں کی ترجیحات پر آکر ختم ہوجاتی ہے۔شمسی توانائی سے ہم29ملین میگاواٹ حاصل کرسکتے ہیں۔اسی طرح ہواکے ذریعے بجلی کی پیداوارکاسالانہ اندازہ 3لاکھ40ہزارمیگاواٹ ہے۔آبی وسائل سے ایک لاکھ میگاواٹ سالانہ بجلی پیداہوسکتی ہے ۔

توانائی بحران نے صنعتیں بند اور کاروبار ٹھپ کردیئے ہیں۔مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔چولہے ٹھنڈے اور غربت وافلاس نے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حکمرانوں کی مایوس ترین کارکردگی سے مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ نہ توتوانائی بحران کاخاتمہ ہوسکا اور نہ مہنگائی وبے روزگار ی میںکمی ہوئی۔عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔غیر ملکی قرضوں پر انحصار ختم کرنے کا دعویٰ کرنیوالوں نے پچھلی تمام حکومتوں کوقرض لینے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔قومی وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں منافع کماکر بیرون ملک منتقل کررہی ہیں۔