گورنرسندھ محمد زبیر سے انڈونیشیا ء کے نئے تعینا ت ہونے والے قونصل جنرل کی ملاقات

دو طرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری ، سی پیک ،عالمی اقتصادی سرگرمیوں میں کراچی کی اہمیت اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال امید ہے کہ آپ کی تعیناتی سے دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوگا، گورنرسندھ ، اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کارلائوں گا، قونصل جنرل

جمعہ 22 جون 2018 19:55

گورنرسندھ محمد زبیر سے انڈونیشیا ء کے نئے تعینا ت ہونے والے قونصل جنرل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے انڈونیشیا ء کے نئے تعینا ت ہونے والے قونصل جنرل Mr.Totok Prianamto نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک انڈونیشیاء دو طرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری ، سی پیک ،عالمی اقتصادی سرگرمیوں میں کراچی کی اہمیت اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک انڈونیشیاء دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں اس ضمن میں انڈونیشیاء کے سفارت کاروں کا کردار اہم ثابت ہورہا ہے امید ہے کہ آپ کی تعیناتی سے ان تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اقتصادی حب کراچی بے پناہ استعداد کا حامل شہر ہے جہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی اور کم لاگت ہیومن ریسورس سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت کی حامل ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے اس ضمن میں انڈونیشیاء کے سرمایہ کا ر بھی شہر کی استعداد سے بھرپور استفادہ حاصل کرکے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد ، تعاون اور معاونت فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے کراچی عالمی تجارت میں کلیدی کردار ادا کرے گا ،سی پیک عالمی اور علاقائی خوشحالی کا بے مثال منصوبہ ہے جو لازوال پاک چین دوستی کا عظیم الشان شاہکار ہے ، انڈونیشیا کے سرمایہ کار سی پیک منصوبہ میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں توانائی ، انفرااسٹرکچر اینڈ ڈیویلپمنٹ ، تعلیم ، صحت اور دیگر ایسے شعبے ہیں جہاں سرمایہ کاری سے فوری منافع کا حصول یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ انڈونیشیاء کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں جو کہ دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر مفاد میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ۔ ملاقات میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل نے گورنرسندھ کو بتایا کہ وہ پاک انڈونیشیاء تعلقات کے فروغ ، سرمایہ کاری اور تجارتی حجم بڑھانے میں اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اہمیت کا حامل کراچی شہر سازگار ماحول اور پر کشش اہمیت کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار کی اولین ترجیح ہے ، انڈونیشیاء کے سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔