گورنرسندھ محمد زبیر سے جرمنی کے سبکدوش اور نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرلز کی ملاقات

دوطرفہ سفارتی ، تجارتی ، سرمایہ کاری تعلقات،بدلتے ہوئے حالات میں پاک جرمنی تعلقات کی اہمیت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں پاک جرمن سفارت کاری معاون ثابت ہورہی ہے ،جو خوش آئند بات ہے ، گورنرسندھ محمد زبیر

جمعہ 22 جون 2018 19:52

گورنرسندھ محمد زبیر سے جرمنی کے سبکدوش اور نئے تعینات ہونے والے قونصل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے جرمنی کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل Mr.Rainer Schmiedchen اور نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل Mr.Ortwin Henning نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک جرمنی دوطرفہ سفارتی و تجارتی تعلقات،بدلتے ہوئے حالات میں پاک جرمنی تعلقات کی اہمیت ، سی پیک منصوبہ ،اس کی عالمی تجارت میں اہمیت اور پاکستان باالخصوص کراچی کے کردار ، سازگار ماحول میں جرمن سرمایہ کاری کے خطہ پر پڑنے والے اثرات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک جرمنی دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں سفارت کاری معاون ثابت ہورہی ہے جس میں جرمن سفیر اور قونصل جنرلز کاکردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، دونوں ممالک کے مفادات کے فروغ میں پاکستان میں تعینات جرمن سفارت کار قابل ستائش خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل نے پاک جرمنی دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، سرمایہ کاری اور تجارتی حجم بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل سے امید کرتے ہیں کہ بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں پاک جرمنی دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے با الخصوص ملک کی معاشی شہ رگ کراچی میں ساز گار ماحول ، پر کشش شعبوں میں جرمن سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاری سے خطہ میں بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد یقینی ہے ،سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد کراچی کو عالمی تجارت میں کلیدی مقام حاصل ہو جائے گا یہی وجہ ہے کہ شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے اس ضمن میں جرمن سرمایہ کار بھی پرکشش اہمیت کے حامل شعبوں میں سرمایہ کاری کریںکیونکہ جرمن سرمایہ کا ری دوطرفہ تعلقات اور خطہ کے وسیع تر مفاد میں اہم ثابت ہوسکتی ہے ۔

ملاقات میں سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل نے دوران تعیناتی بھرپور تعاون فراہم کرنے پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی بلا شہ ایک پر کشش اہمیت کا حامل شہر ہے ، دوران تعیناتی پاک جرمن دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، سرمایہ کاری اور تجارتی حجم بڑھانے میں بھرپور کششیں کیں جس کے مثبت اثرات بھی مرتب ہوئے ہیں ، نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل نے کہا کہ سازگار ماحول ، پرکشش اہمیت اور قدرتی بندرگاہ کے باعث کراچی شہر سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل اہمیت رکھتا ہے اپنی تعیناتی کے دوران ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ شہر میں جرمن سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکے موجودہ حالات میں پاک جرمن دوطرفہ تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام بھرپور فائدہ حاصل کرسکتے ہیں ۔