صوبائی نگران حکومت مسلم لیگ(ن) کی حکومت پر مہربان ہوگئی

سابق وزیر خرانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئر پرسن تعینات، تحریک انصاف کی مذمت ، فیصلہ مسترد کردیا

جمعہ 22 جون 2018 19:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) صوبائی نگران حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خاتون راہنما اور سابق وزیر خرانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی وائس چیئر پرسن تعینات کر دیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے نگران حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعلیٰ پنجاب سے عائشہ غوث پاشا کی مذکورہ عہدے پر تقرری روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی خاتون راہنما عدلیب عباس نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کو ایک خط بھی تحریر کیا ہے۔ جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ایک امدادی ادارہ ہے جو ضرورت مند شہریوں کی مالی امداد کرتا ہے۔ مذکورہ ادارے کی وائس چیئرمین عائشہ غوث پاشا چونکہ سابق وزیر خزانہ رہی ہیں۔ ان کی تعیناتی سے آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور ان کی تعیناتی کو روکا جائے۔