حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر جانبدار ،میرے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کررہے ہیں،سردار ایاز صادق

ریٹرننگ افسر نے مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے طلب کر کے غیر ضروری سوالات کئے جبکہ میرے سیاسی مخالف کو استثنیٰ دیدیا گیا،مذکورہ ریٹرننگ افسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرینگے،سپیکر قومی اسمبلی کا الیکشن کمیشن کو خط

جمعہ 22 جون 2018 17:57

حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر جانبدار ،میرے سیاسی مخالف علیم خان کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر مکمل طور پر جانبدار ہیں وہ میرے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کررہے ہیں، ریٹرننگ افسر نے مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کیلئے طلب کر کے غیر ضروری سوالات کئے گئے جبکہ میرے سیاسی مخالف کو استثنیٰ دیدیا گیا،مذکورہ ریٹرننگ افسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرینگے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور وہ ان کے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات کی جانچ پڑتال کے لئے بلایا اور میرے سیاسی مخالف کو اس حوالے سے استثنیٰ دے دیا گیا مگر جب ہم نے احتجاج کیا تو انہیں 19 جون کو بلایا گیا اور علیم خان سے ریٹرننگ افسر نے کہا کہ آپ کیوں آئے، آپ جائیں اور اپنی مہم چلائیں۔

آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں۔ مگر جب میں ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوا تو مجھ سے انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا۔ ایسے سوالات کئے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ میرے غیر ملکی دوروں اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے غیر ضروری سوالات کئے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر کو تبدیل کیا جائے۔ اگر یہی ریٹرننگ افسر برقرار رہے تو یہ قبل از وقت انتخاب دھاندلی ہوگی۔ ایسی صورتحال میں ہم بطور احتجاج الیکشن میں حصہ لیں گے اور مذکورہ ریٹرننگ افسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔