گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی اسلا م آباد میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات

گلگت بلتستان کی مجموعی سکیورٹی صورت حال کے علاوہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً پی ایس ڈی پی اور سی پیک کے تحت منصوبوں پر بات چیت کی گئی

جمعہ 22 جون 2018 17:18

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی اسلا م آباد میں وفاقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے اسلا م آباد میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات کی، جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں گلگت بلتستان کی مجموعی سکیورٹی صورت حال کے علاوہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً پی ایس ڈی پی اور سی پیک کے تحت منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان کو منفرد جغرافیائی اہمیت حاصل ہے اور سی پیک میں یہ علاقہ بیس کیمپ کی حیثیت حاصل کر چکا ہے جس سے اس خطے میں ترقی وخوشحالی کی نئی رائیں کھل چکی ہیں۔انہوںنے کہاکہ آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان پاکستان کے ایک خوشحال ترین علاقے کے طور پر مانا جائے گا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں سیکیورٹی صورت حال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وفاقی وزیر کو بریف کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ گلگت بلتستان میں پچھلے چند سالوں میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہونے سے نہ صرف سالانہ لاکھوں مقامی سیاح گلگت بلتستان کا رُخ کر رہے ہیں بلکہ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور ان کی حفاظت کے لیے پاکستان کے سکیورٹی اداروں اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں۔

ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ پی ایس ڈی پی اور سی پیک منصوبوں سمیت گلگت بلتستان میں اربوں روپے کے فنڈز خرچ کیے جارہے ہیں جس سے گلگت بلتستان میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے انہوںنے اس موقع پر وفاقی وزیر کو گلگت بلتستان میں زراعت کی ترقی ،ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے وفاقی وزیر کووزارت اُمورکشمیر و گلگت بلتستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور انہیں گلگت بلتستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔