سعودی خواتین ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے گانا ریلیز کر دیا گیا

گانے کا مقصد دُنیا بھر کو سعودی عرب میں ہونے والی مثبت تبدیلی سے آگاہ کرنا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جون 2018 16:39

سعودی خواتین ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی کے لیے گانا ریلیز کر دیا گیا
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جُون 2018ء) سعودی عرب میں چار عشروں پر محیط خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی خاتمے کے قریب ہے۔ اس حوالے سے امریکی شہر لاس اینجلس میں مقیم سعودی گلوکارہ و گیت نگار طمطم نے ’ڈرائیو‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو گانا تیار کیا ہے ۔ اس حوالے سے گلوکارہ کا کہنا تھا کہ دُنیا بھر میں سعودی خواتین پر سے ڈرائیونگ پر پابندی کی خبر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

جبکہ سعودی خواتین بھی اس حوالے سے پُرجوش نظر آتی ہیں۔ گلوکاری میرا شوق ہے سو میں نے سعودی خواتین کی اس خوشی میں اپنا حصّہ ڈالنے کے لیے ایک گانا تیار کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ موقع خوشی‘ فخر اور حیرت سے بھرپور ہے۔ اس گانے کے بول بھی طمطم نے ہی تحریر کئے ہیں۔ طمطم جو اپنے گانوں میں آزادی‘ مساوات اور خواتین کو اختیارات دینے کا پرچار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اُس کا کہنا ہے کہ میں سعودی خواتین کو یہ کہوں گی کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران پُرسکون رہیں اور پریشان نہ ہوں۔ اگر میں اس موقعے کو ایک لفظ میں بیان کر سکوں تو وہ لفظ ہے ’اُمید‘ ۔کیونکہ ڈرائیونگ کی آزادی میسر ہونے کے بعد وہ زیادہ بااختیار ہو جائیں گی اور اُن کی آواز مؤثر ہو گی۔ یہ ہم سب کے لیے بہت بڑی جست ہے۔ گلوکارہ کی جانب سے انگریزی میں تحریر کردہ گانے میں کچھ اس طرح کے خیالات کا اظہار کیا گیا ہے ’’ہم جانتے ہیں ہمیں کیا چاہیے‘ ہمیں معلوم ہے یہ ہمارا وقت ہے‘ آؤ ماضی کی تیاریوں کو دوبارہ دُہرائیں‘ کل ہمارا ہے‘ ہمیں ڈرائیونگ کی سہولت مِل گئی ہے۔

‘‘ اس موقع پر گلوکارہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے وِژن 2030کو بھی سراہا جس کے تحت سعودی خواتین کو بااختیار بنا کر مُلکی معیشت کو مزید ترقی دینے کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :