جمال لغاری کو ووٹ کا مطلب سمجھانے والے شخص کو دھمکیاں موصول

جمال لغاری نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کر دیا، الزامات مسترد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 جون 2018 16:06

جمال لغاری کو ووٹ کا مطلب سمجھانے والے شخص کو دھمکیاں موصول
ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2018ء) : سابق ایم این اے جمال لغاری نے ووٹر پر دباؤ ڈالنے اور معافی مانگنے پر مجبور کرنے کے الزامات کی تردید کر دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جمال لغاری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہ میرے حوالے سے ایک ویڈیو گذشتہ دو تین روز سے وائرل ہوئی ہے۔ پاکستان کا کوئی ایسا میڈیا چینل نہیں ہے جس نے میرے حوالے سے وائرل ہونے والی یہ ویڈیو نہیں چلائی۔

اپنے اپنے تبصروں کے ساتھ یہ ویڈیو ہر ٹی وی چینل پر چلی۔ اس ویڈیو میں وہ لڑکا جو مجھ سے بار بار استفسار کر رہا ہے اس نے خود مجھ سے اپنا تعارف کروایا۔ اور مجھے کہا کہ آپ یقیناً جاننا چاہیں گے کہ میں کون ہوں، میرا نام کمانڈو سیف الدین لغاری ہے۔ میں نے اسے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی آپ سے مل کر۔

(جاری ہے)

اس نے مختلف باتیں کیں، آج ایک ٹی وی چینل پر اس کا انٹرویو سُن کر میں دنگ رہ گیا۔

انٹرویو میں اس نوجوان نے کہا کہ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، اور کہا جارہا ہے کہ 25 جولائی کے بعد ان کو دیکھا جائے گا۔ اس طرح کے سوالات کہ سردار صاحب ! آپ کدھر تھے؟ کام نہیں ہوئے۔ علاقہ محروم ہے۔ ان چیزوں کا ہم لوگ آئے دن سامنا کرتے ہیں۔ میرا لغاری قبیلہ جس کا میں سربراہ ہوں، پڑھا لکھا قبیلہ ہے ، ہم نے اپنے قبائلی علاقہ میں اسکول ، درسگاہیں ، اسپتال اور مختلف اسکیمیں دی ہیں۔

اگر کسی نے ڈیرہ غازی خان کے اندر صحیح معنوں میں ترقی کی ہے تو الحمد لللہ مجھے فخر ہے یہ بتاتے ہوئے کہ میرے بڑوں نے اور میں نے اس علاقے کی پسماندگی کو دور کرنے کا جو حق بنتا ہے وہ ادا کیا ہے اور اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں یہ گارنٹی دیتا ہوں کہ اس نوجوان لڑکے سمیت لوگ جب ہم سے سوال کرتے ہیں ہم اس کو ہمیشہ مثبت انداز میں دیکھتے ہیں کیونکہ ہمیں اپنی رہنمائی اور اصلاح مطلوب ہے۔

ہمارا شانداز ماضی اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ شرافت اس لغاری خاندان کے اوپر ہمیشہ شروع اور ختم ہوئی ہے۔ یہ ہمیں ورثے میں ملی ہے ، میں جو اندر ہوں وہی باہر بھی ہوں۔ میری کوئی بات چھُپی ہوئی نہیں ہے اور اللہ خیر کرے کوئی بھی بندہ ہم پر یہ اُنگلی نہیں اُٹھا سکتا کہ ہم نے کبھی کسی کا حق مارا ہو ، یا کسی سے کوئی زیادتی کی ہو یا کسی کو تھانے میں دھکیلا ہو۔

یہ سب لغاری سرداروں کا شیوہ نہیں ہے۔ آپ سب کا بہت شکریہ۔ یاد رہے کہ دو روز قبل ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے لغاری قبیلے کے سربراہ سابق ایم این اے سردار جمال لغاری ڈیرہ غازی خان کے علاقے رونگھن میں اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب جمال لغاری کے حلقے کے لوگوں نے ان کی گاڑی روک لی اور حلقے میں آمد پر شدید احتجاج کیا،اس دوران ایک ووٹر نے جمال لغاری سے سوال کیا کہ آپ پانچ سال کہاں تھے؟ جس کا جمال خان لغاری کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

جمال لغاری سے سوال کرنے والے مقامی نوجوان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا تھا کہ مجھ پر جمال لغاری سے معافی مانگنے اور ان کے حق میں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ جس پر جمال لغاری نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے اس الزام کی تردید کر دی۔جمال لغاری کا سوشل میڈیا پر جاری کیا جانے والا یہ پیغام آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: