تارکین وطن کے بچوں کے کیمپ کے دورے پر صدر ٹرمپ کی اہلیہ کی جیکٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گئی

"مجھے کسی کی پرواہ نہیں، کیا آپ کو ہے ؟" کا جملہ میلانیہ کی جیکٹ پر درج

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 جون 2018 16:04

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون2018) گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن پالیسی میں تبدیلی کے حوالے سے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے تھے۔امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ تارکن وطن بچوں کو والدین سے الگ کرنے کی پالسی 60 برس سے جاری تھی، میری بیٹی اور بیوی کو بچوں کی تصاویر دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔امریکی صدر نے کہا کہ اب غیر قانونی تارکین وطن کے بچے ساتھ رہیں گے۔

جس کے بعد خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے گزشتہ روز ٹیکساس میں قائم کیمپ کا دورہ کیا، جہاں امیگریشن کے دوران والدین سے دور کیے گئے بچوں کو رکھا گیا تھا۔تاہم اس موقع پر میلانیا ٹرمپ کی ایک جیکٹ توجہ کا مرکز بن گئی، جس کی پشت پر سفید پینٹ سے انگریزی میں درج تھا '?I REALLY DON’T CARE, DO U' یعنی 'مجھے کسی کی پروا نہیں،کیا آپ کو ہے؟۔

(جاری ہے)

ا س متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیویٹ کیا ہے،ٹرمپ نے اپنے ٹیوٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا کہ میلانیا ٹرمپ نے جیکٹ کے ذریعے سے فیک نیوز میڈیا کو پیغام دیا ہے۔

اب میری بیوی کو بھی معلوم ہوگیا ہے کہ میڈیا بے ایمان ہے اور اب انہیں بھی اس کی پروا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر تارکین وطن کے بچوں کو والدین سے جدا کرنے پر امریکا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔رواں برس اپریل میں امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے امریکا اور میکسیکو کی سرحد غیرقانونی طور پر عبور کرنے والے تمام تارکین وطن کے خلاف 'زیرو ٹورلینس' کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے تمام افراد کے خلاف مجرمانہ قوانین کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

اس کے بعد سے نئی پالیسی کے تحت اپریل اور مئی کے دوران امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر تارکین وطن کے 2 ہزار کے قریب بچوں کو والدین سے الگ کیا جاچکا ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز سے عوام میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔دوسری جانب امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ بھی اس پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہہ چکی ہیں کہ امریکا کے امیگریشن قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں امریکی سرحد پر خاندانوں کو ایک دوسرے سے جدا کیے جانے سے نفرت ہے۔