جنگلات کی تباہی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے آخر دم تک ان کا پیچھا کریں گے ‘ شمس محی الدین

جمعہ 22 جون 2018 16:18

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) حلقہ ایک کوٹلی سے امیدوار اسمبلی ، نوجوان سیاسی رہنما سرجن شمس محی الدین نے کہا ہے کہ جنگلات کی تباہی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے آخر دم تک ان کا پیچھا کریں گے ۔ گریٹر واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل ، کوٹلی شہر سے بوسیدہ پائپ لائینوں کی تبدیلی ، اور دندلی کوٹلی نہر کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

شہری شجر کاری کریں ۔ حکومت ٹمبر مافیا کو لگام دے ۔ صاف پانی اور جنگلات زندگی اور موت کا مسئلہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا نمائیندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انھوںنے کہا کہ کوٹلی کے جنگلات میں آتشزدگی اور اس کے نتیجے میں پھیلنے والی تباہی پر ہم نے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جس پر محکمہ جنگلات کا عملہ معطل اور انکوائیری جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ہم اس انکوائیری پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں ۔ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ آتشزدگی کے بعد جنگلات میں بڑے پیمانے پر کٹائی کا عمل جاری ہے ۔ سہنسہ کے جنگلات سے دریائے جہلم کے ذریعے کروٹ اور کروٹ سے پنجاب کے علاقوں میں لکڑی سمگل ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ حکومت آزاد کشمیر جنگلات کی کٹائی روکنے اور ٹمبر مافیا کو لگام ڈالنے کے لئے تریڈی دھار کے جنگلوں میں پولیس دستے بھیجے ۔

کوٹلی میںپانی کی کمی دور کرنے کے لئے گریٹر واٹر سپلائی سکیم کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔گریٹر واٹر سپلائی سکیم کے فیز ون پر پینتیس کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔ اس فیز کے تحت کوٹلی میں پائپ لائینیں بچھائی جانی تھیں جن میں کرپشن کی شکایات ہیں ۔ ابھی تک پائپ لائینیں بچھانے کا کام نا مکمل ہے ۔ احتساب ادارے اس کی انکوائیری کریں اور پینتیس کروڑ کا حساب لیں ۔

پائپ لائینیں مکمل کروائی جائیں ۔ فیز ٹو کے تحت فلٹریشن پلانٹ ، اور ساردہ ، پلہتر کلہ پنگ پیراں ، دھمول ، کڑتی اور رولی میں واٹر ٹینکس بنائے جانے ہیں ۔ ان منصوبہ جات کے ٹھیکہ جات اچھی شہرت رکھنے والے ٹھیکیداروں کو دئیے جائیں ۔ اور ان پر جلد از جلد کام مکمل کروایا جائے ۔ کوٹلی اندرون شہر بوسیدہ پائپ لائینیں تبدیل کی جائیں ۔ یہ سب کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں اور یہ سارا عمل شفاف بنایا جائے تاکہ پیسہ ضائع نہ ہو اور منصوبے کارآمد ہو سکیں ۔ انھوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے موسمی کلائمیٹ کے پیش نظر صاف پانی کی فراہمی ، شجر کاری ، اور جنگلات کا تحفظ زندگی اور موت کا مسئلہ ہیں ۔ حکومت اور شہری سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۔ ان مسائل پر پوری توجہ دیں ۔