بھارتی فوجیوں نے ضلع اسلام آباد میں 4نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا

خاتون سمیت درجنوں زخمی ‘قابض فوجیوں نے آپریشن کے دوران رہائشی مکان کو تباہ کر دیا معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ضلع اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئی

جمعہ 22 جون 2018 16:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے ظالمانہ کارروائیوں کے دوران آج ضلع اسلام آباد میں چار افراد کو شہید جبکہ ایک خاتون سمیت درجنوں افراد زخمی کر دیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ضلع اسلام آباد کے علاقے سری گفوارہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں گھرکا مالک محمد یوسف راتھر اور انکی اہلیہ حفیظہ بیگم شدید زخمی ہو گئی۔

محمد یوسف راتھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بیج بہاڑہ منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گئے۔ انکی اہلیہ کو بعد میں صورہ ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔قابض فوجیوں نے آپریشن کے دوران تین نوجوانوں کو بھی شہید جبکہ ایک رہائشی مکان کو تباہ کر دیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو فوجی زخمی ہو گئے تھے۔دریں اثنا بھارتی فوج کے آپریشن اور شہری کے قتل کے خلاف علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔

بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ اور آنسو گیس کے گولوں کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اب تک متعددافراد زخمی ہو چکے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ضلع اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔