ائیرپورٹ پر انوکھا جنازہ ادا کر دیا گیا

مسافروں نے فلائٹ تاخیر کا شکار ہونے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ائیر لائن ائیر بلیو کا ائیرپورٹ پر جنازہ ادا کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 جون 2018 15:09

ائیرپورٹ پر انوکھا جنازہ  ادا کر دیا گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جون 2018ء) پاکستان میں ائیرپورٹس اور ائیر لائنز کی حالت قابل افسوس ہے۔آئے روز پاکستانی ائیرلائنز کی خراب کارگردگی کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں،کبھی مسافروں کو گھنٹوں گھنٹوں ائیرپورٹ پر انتظار کروایا جا تا ہے تو کبھی دوران پرواز مسافروں کا مضر صحت کھانا کھلایا جا تا ہے۔جس کی وجہ سے مسافروں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے اور اکثر اوقات مسافر ائیرلائنز کی خراب کارگردگی پر احتجاج بھی کرتے ہیں۔

اسی حوالے سے ایک اورویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں کچھ مسافر مل کر پاکستانی ائیر لائن AirBlue کی نماز جنازہ ادا کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں کچھ لوگ ائیرپورٹ پر جنازہ ادا کر رہے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر یہ جنازہ کسی انسان کا نہیں بلکہ ایک ائیرلائن AirBlue کا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق AirBlue کے مالک پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہیں۔

جو اپنی ائیر لائن کی حالت کو ہی بہتر نہیں بنا سکے۔اسی لیے کچھ مسافروں نے اس ائیر لائن کی نماز جنازہ ادا کر دی،مسافروں نے اس موقع پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے مسافروں کا کہنا ہے کہ ہمیں یہاں پر کئی کئی گھنٹے فلائٹ کے لیے انتظارکرنا پڑتا ہے ۔ہم ائیرپورٹ پر ذلیل وخوار ہوتے رہتے ہیں اس لیے آج ہم AirBlue ائیر لائن کا جنازہ پڑھا رہے ہیں۔

یاد رہے اس سے پہلے پاکستان کی قومی ائیر لائن سے متعلق بھی خبر آئی تھی کہ قومی ائیر لائن کے فلائٹ کچن میں حفظان صحت اور فوڈ کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا دی۔قومی ائیر لائن کے اسٹاف کے بغیر دستانے پہنے کھانا پیک کرنے کی تصاویر منظر عام پر آ ئیں۔ جن تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح سے اسٹاف اپنے صارفین کے لئے کھانا پیک کر رہا ہے۔

جس سے مہلک جراثیم کی منتقلی کے خدشات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں اور ان کا یہ عمل حفظان صحت کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔تصاویر کے منظر عام پر آنے سے روزانہ ہزاروں مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار پر سوالیہ نشان کھڑے کردیے ہیں۔اور اب پاکستان کی ایک اور بلیو ائیر لائن سے بھی مسافروں کو شدید شکایات ہیں جن کا اظہار انہوں نے مذکورہ ائیرلائن کا جنازہ پڑھا کر کیا۔ویڈیو ملاحظہ کیجئے: