ضلع کونسل کے غیر فعال ہونے کے بعد تحصیل کونسل کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تحصیل ناظم ایبٹ آباد

جمعہ 22 جون 2018 15:19

ایبٹ آباد۔ 20 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحق ذکریا نے کہا ہے کہ ضلع کونسل کے غیر فعال ہونے کے بعد تحصیل کونسل کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جسے آپ نے بھرپور طریقے سے نبھانا ہے، ذاتی مفادات کو عوامی مفادات پر ہمیشہ ترجیح دی اور دیتے رہیں گے، عوامی خدمت کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے مزید کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں جو آئندہ ہفتہ ہر صورت اپنی رپورٹ پیش کریں۔

نتھیاگلی میں تحصیل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم نے کہا کہ تحصیل کونسل اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے تحصیل ناظم نے تمام انجینئرنگ سٹاف تبدیل کر کے انفراسٹرکچر انکوائری کمیٹی اور الیکشن کے دوران بغیر اجازت تشہیر پر پاپندی لگاتے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دیدی، تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز کرنے کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دیدی۔

(جاری ہے)

تشکیل کردہ کمیٹیوں کو بلا کسی دبائو کے بھرپور طریقہ سے کام کرنے کا حکم دیتے ہوئے اپنی رپورٹ آئندہ جمعرات کو کونسل میں پیش کریں گی۔ رواں ہفتہ سے تحصیل کونسل اپنے اجلاس ہر یونین کونسل کی سطح پر کرے گی جس کے اضافی اخراجات متعلقہ تحصیل ممبر برداشت کریں گے۔ اکثریتی تحصیل ممبران نے ضلع کی حالت پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی مفادات اور انا کی جنگ کی خاطر ضلع کے کروڑوں کے فنڈز ضائع کروائے جا رہے ہیں اور عوامی مسائل کو نظر انداز کر کے مشکلات میں اضافہ کیا گیا جس کا تمام تر بوجھ تحصیل کونسل اور تحصیل ناظم کو برداشت کرنا پڑا تاہم تحصیل کونسل شہر کی خدمت کی رفتار پہلے سے تیز کرے گی تاکہ ضلع کی کوتاہیوں کی سزا عوام کو کم سے کم مل سکے۔

تحصیل کونسل نے پولیس ڈیپارٹمنٹ اور اعلیٰ افسران کو عید کی چھٹیوں میں فرائض منصبی احسن طریقہ سے سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔