احتسا ب عدالت میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی

جمعہ 22 جون 2018 14:49

احتسا ب عدالت میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) احتسا ب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیئے۔

خواجہ حارث نے دلائل کے دوران کہا کہ ان کے موکل لندن فلیٹس کے بینیفیشل اونر ہیں اور نہ ہی ان کا ان سے کوئی تعلق ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء استغاثہ کے گواہ تھے اور ان کا بیان دو حصوں میں تقسیم ہونا ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جس متفرق درخواست اور طارق شفیع کے بیان حلفی پر استغاثہ انحصار کر رہی ہے، اس میں محمد نواز شریف کا کہیں ذکر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طارق شفیع کے بیان حلفی کے مطابق 1973ء میں وہ 19 سال کے تھے، جب محمد نواز شریف انہیں دبئی لے کرگئے اور1974ء میںگلف اسٹیل مل بنائی گئی۔ خواجہ حارث کے مطابق طارق شفیع کے دوسرے جمع کرائے گئے بیان حلفی میں بھی نواز شریف کا کہیں ذکر نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ جو متفرق درخواستیں محمد نواز شریف نے سپریم کورٹ میں جمع کرائیں وہ استغاثہ نے ریکارڈ پر نہیں لائی۔ دلائل کے دوران خواجہ حارث نے یو اے ای کی وزارت انصاف کا جواب بھی عدالت میں پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاںعدالت نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کر ی ہے۔ آئندہ سماعت پر بھی خواجہ حارث اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔