ٹارگٹ کلنگ کا شکار معروف قوال امجد صابری کی دوسری برسی منائی گئی

جمعہ 22 جون 2018 14:44

ٹارگٹ کلنگ کا شکار معروف قوال امجد صابری کی دوسری برسی منائی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) کراچی کے علاقہ لیاقت آباد میں 2 سال قبل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے مشہور و معروف قوال امجد صابری کی گزشتہ روز دوسری برسی منائی گئی۔امجد صابری 23دسمبر 1976ء کو کراچی میں پیدا ہوئے ،9 برس کی عمر میں اپنے والد غلام فرید صابری کے سامنے پہلی پرفارمنس دی ، امجد صابری نے اپنے والد کے انتقال کے بعد ان کی مشہور قوالیوں تاجدار حرم اور بھر دو جھولی میری پڑھ کر شہرت حاصل کی۔

(جاری ہے)

امجد صابری کو 22جون 2016ء بمطابق 16رمضان کو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے اس وقت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ اپنی رہائش گاہ لیاقت آباد سے نکل کر ایک نجی ٹی وی چینل میں رمضان نشریات میں حصہ لینے کے لیے جا رہے تھے۔امجد صابری سفید رنگ کی سوک میں سوار تھے اور خود گاڑی چلا رہے تھے اور وہ جیسے ہی اپنے والد کے نام سے منسوب لیاقت آباد انڈر پاس سے ملحقہ الاعظم اسکوائر کے سامنے سے گزر رہے تھے تو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے انھیں سر راہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیا۔واضح رہے کہ امجد صابری قتل کیس میں 2 دہشت گرد عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔