دُبئی:ملازمت کی متلاشی پاکستانی خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والا گرفتار

ملزم نے ہم وطن خاتون کو کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت دینے کے بہانے دفتر بُلوایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 جون 2018 12:46

دُبئی:ملازمت کی متلاشی پاکستانی خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والا ..
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جُون 2018ء) ایک پاکستانی خاتون کو نوکری دینے کے بہانے جاب انٹرویو کے لیے دفتر میں بُلا کر زبردستی چُومنے اور گلے لگانے والا جنسی بھیڑیا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر عدالت کے کٹہرے میں کھڑاہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق خاتون متحدہ عرب امارات میں نوکری کی تلاش میں تھی اس مقصدکے لیے اُس نے کئی کمپنیوں میں آن لائن درخواست بھی بھیجی تھی۔

اسی دوران ایک 43 سالہ پاکستانی بزنس مین کی جانب سے اُسے مئی 2018ء میں انٹرویو کے لیے کال آئی۔ وہ اپنی منگیتر کے ساتھ ملزم کی کمپنی میں اور اُس سے ملاقات کی۔ ملزمہ کا ویزہ ختم ہونے کے قریب تھا جس کے باعث اُسے دُبئی چھوڑ کر نیا ویزہ لے کر دوبارہ سے آنا تھا۔ جس وجہ سے خاتون متحدہ عرب امارت سے وطن واپس آ گئی ۔

(جاری ہے)

اس دوران ملزم نے اُسے جاب انٹرویو کے لیے متحدہ عرب امارات بُلوایا۔

انٹرویو کی غرض سے وہ جیسے ہی ملزم کے دفتر میں داخل ہوئی ‘ اُس نے اُسے زبردستی گلے لگا کر کئی بار چُوما۔ ہم وطن پاکستانی بزنس مین کے اس ہوس بھرے طرز عمل سے خاتون خوفزدہ ہو گئی‘ اُس نے ملزم کو پرے دھکیلا اور دوڑ کر واش رُوم میں گھُس کر اندر سے دروازہ بند کر لیا اور دُبئی میں موجود اپنے منگیتر کو کال کی۔ خاتون کا منگیتر اس گھٹیا حرکت کے بارے میں سُن کر فوراً کمپنی پہنچا اور اُس نے خاتون کو واش رُوم سے باہر نکلا۔

خاتون نے اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جس نے پاکستانی بزنس مین کو گرفتار کر لیا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر اپنی ہم وطن خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جبکہ ملزم نے اپنے خلاف عائد کئے گئے الزامات کی حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت میں ملزم کے ایک رشتہ دار نے ججز کو بیان دیا کہ مُدعیہ نے ملزم کو بلیک میل کر کے اُس سے کہا کہ اگر ملزم اُسے پچاس ہزار اماراتی درہم اور دو عدد موبائل فون دے دے تو پھر وہ اُس کے خلاف کیس واپس لے لے گی۔اس بات پر مُدعیہ کا کہنا تھا کہ اُس نے کیس ختم کرانے کے بدلے ملزم سے کسی قسم کی رقم یا چیک کا مطالبہ نہیں کیا۔ مقدمے کا فیصلہ اگلے ہفتے متوقع ہے۔