کشمیریوں کی تحریک آزادی کی جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارت اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود شکست کھا چکا ہے‘خواجہ سیف الدین

جمعہ 22 جون 2018 11:40

مظفرٓباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) وائس چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ خواجہ سیف الدین نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور مکاری کے باعث چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک کو گزشتہ روز ایک بار پھر کالے قانون کے تحت گرفتار کرنا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے ، بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے ! یاسین ملک کو فوری طور پر رہا کریں ۔

اِن خیالات کا اظہار خواجہ سیف الدین نے زون آفس جمو ں و کشمیر لبریشن فرنٹ مظفرآباد میں اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنمائوں کے علاوہ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔خواجہ سیف الدین نے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے ، کشمیریوں کی تحریک آزادی کی جدوجہد کو دبانے کیلئے اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود شکست کھا چکا ہے، لبریشن فرنٹ نے ہتھیار کچھ عرصے کیلئے چھوڑ دیے تھے ، بھارت اب اٹھانے کیلئے مجبور کررہا ہے ، گزشتہ روز چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک کی بلاجواز گرفتار قابل مذمت ہے جن کو کالے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا ہے !یاسین ملک عرصہ دراز سے بیمار ہیں اُس کے باوجود بھارت اپنی نام نہاد جمہوریت کا ڈھول پیٹ رہا ہے مگر دوسری جانب جمہوریت کی ’’چِتا ‘‘ جلانے میں سب سے آگے نظر آرہا ہے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سیف الدین نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کو رہا کریں بصورت دیگر جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ دنیا بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرکے احتجاج کرے گا جس کی ذمہ داری بھارت کی نام نہاد حکومت پر عائد ہوگی ۔