مقبوضہ کشمیر، تحریک حریت جموں وکشمیر کا معراج الدین کلوال اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر اظہار تشویش

جمعہ 22 جون 2018 11:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر نے حریت رہنمائوں راجہ معراج الدین کلوال، ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ ، پیر سیف اللہ اور دیگر کی نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت جموں وکشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ راجہ معراج الدین سات افراد پر مشتمل اپنے کنبے کے واحد کفیل ہیں جن میں ان کی چار کمسن بیٹیاں بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حریت ہنمائوںکو جھوٹے مقدمات میں مسلسل نظر بند رکھا جا رہا ہے جو نہایت افسوسناک ہے۔ ترجمان نے کہا کہ راجہ معراج الدین 1990ء سے 2016ء تک پہلے ہی اپنی زندگی کے 13قیمتی برس جھوٹے مقدمات میں مختلف جیلوں میں گزار چکے ہیں جبکہ 2010ء اور 2011ء میں ان پر متعدد مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ بھی لاگو کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ تحریک حریت سے وابستہ راجہ معراج الدین کو گزشتہ برس بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے دیگر رہنمائوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا اور وہ تاحال بند ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ نظر بند رہنما کے والدین اور بچے انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی رہائی کے لئے کردار ادا کریں۔