ْمقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوںنے ضلع اسلام آباد میں چار افراد شہید،خاتون سمیت درجنوں زخمی

جمعہ 22 جون 2018 11:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے ظالمانہ کارروائیوں کے دوران جمعہ کو ضلع اسلام آباد میں چار افراد کو شہید جبکہ ایک خاتون سمیت درجنوں افراد زخمی کردیئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ضلع اسلام آباد کے علاقے سری گفوارہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گھرکا مالک محمد یوسف راتھر اور انکی اہلیہ حفیظہ بیگم شدید زخمی ہوگئی۔

محمد یوسف راتھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بیج بہاڑہ منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گئے ۔ ان کی اہلیہ کو بعد میں صورہ ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ فوجیوں نے آپریشن کے دوران تین نوجوانوں کو بھی شہید جبکہ ایک رہائشی مکان کو تباہ کردیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ دریں اثنا بھارتی فوج کے آپریشن اور شہری کے قتل کے خلاف علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔

بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ اور آنسو گیس کے گولوں کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق اب تک متعددافراد زخمی ہو چکے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے لوگوں کو تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی سے روکنے کیلئے ضلع اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کردی ہیں۔