لاہور ہائیکورٹ کی نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے دائر درخواست میں ترمیم کی ہدایت‘سماعت ملتوی

جمعہ 22 جون 2018 07:10

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے دائر درخواست میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ‘لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار پاکستان زندہ باد پارٹی نے اپنی آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بطور وزیر اعظم اہم اجلاس کی معلومات فراہم کرنا شاہد خاقان عباسی کا غیر ذمے دارانہ فعل تھا۔

یہ درخواست سابق وزیر اعظم نواز شریف کے متنازع بیان کو بنیاد بناکر دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیکر ملک و قوم سے غداری کی۔

(جاری ہے)

نواز شریف کیخلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے‘ شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی‘ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم کیخلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے‘ عدالت نے دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ پٹیشن میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو فریق بنایاگیا ہے جبکہ شاہد خاقان عباسی اب وزیر اعظم نہیں رہے لہذا پٹیشن میں ترمیم کر کے شاہد خاقان عباسی کے نام کے ساتھ وزیر اعظم کا لفظ حذف کریں۔

عدالت نے درخواست میں ترمیم کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔