نگران وزیر اعلی سندھ نے صوبے بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کر دی

سندھ حکومت درپیش مسائل کے حل کے لئے کے الیکٹرک کی مدد کرے گی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، وزیر اعلی فضل الرحمن کا کے الیکٹرک حکام کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 جون 2018 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو تاکید کی ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، سندھ حکومت درپیش مسائل کے حل کے لئے کے الیکٹرک کی مدد کرے گی۔وہ جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں کے الیکٹرک انتظامیہ سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں کے الیکٹرک بورڈ کے چیئرمین طیب ترین اور ڈائریکٹر اسمر نعیم جبکہ سندھ حکومت کے نمائندوں میں پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، اسپیشل سیکریٹری توانائی راشد قاضی اور ڈائریکٹر توانائی طارق شاہ و دیگر افسران شریک تھے۔

اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک ذمہ داران کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، کے الیکٹرک کو جو بھی درپیش مسائل ہیں اس میں سندھ حکومت انکے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد بھی کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ رمضان میں پیک اوقات میں بجلی کی طلب 35 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی تھی۔

جس پرفضل الرحمان نے ذمہ داران و انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کو سوئی گیس کمپنی کی طرف سے مطلوبہ یومیہ 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے لہٰذہ لوڈشیڈنگ کم سے کم ہونی چاہیے نیز شہر میں شجرکاری مہم شروع کرنے کیلئے انھوں نے کے الیکٹرک ذمہ داران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبائی حکومت اور کے ایم سی سے مل کر کام کریں۔