غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پر قابو پانے کے لئے جامع اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،طارق ملک

جمعرات 21 جون 2018 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک نے عالمی مالیاتی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بی تھری مستحکم سے منفی ہونے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پر قابو پانے کے لئے فی الفور موثر اور جامع اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات اور درآمدات کا توازن بہت بگڑا ہوا ہے جسے موثر اورمثبت حکمت عملی سے بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ سی پیک کے باعث ملک میں سرمایہ کاری ہورہی ہے مگر کوشش کرنی چاہیئے کہ پر کشش ترغیبات کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر مواقع اور مناسب امکانات فراہم کریں تاکہ آنے والے وقت میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری تعلقات کا فروغ یقینی ہو۔

(جاری ہے)

طارق ملک نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے جسکے باعث صنعتکار اور درآمدکنندگان بے یقینی کا شکار ہیں،زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی آرہی ہے اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جس کا براہ راست اثر ملکی برآمدات پر پڑ رہا ہے۔ حکومت اور اسٹیٹ بینک کو چاہیئے کہ بے یقینی کی کیفیت کو ختم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے تاکہ مہنگائی میں مزید اضافے پر قابو پایا جاسکے۔#