بینظیر بھٹو کی فلاسفی پر عمل کرنے سے جمہوریت مستحکم اور ملکی سلامتی یقینی ہوگی، نیر حسین بخاری

جمعرات 21 جون 2018 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) نپاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی فلاسفی پر عمل کرنے سے جمہوریت مستحکم اور ملکی سلامتی یقینی ہوگی کیونکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنی زندگی میں قوم کو سچائی کا راستہ دکھاتے ہوئے بتا دیا تھا کہ ملک کے دوست کون اور دشمن کون ہیں۔

وہ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی فوزیہ حبیب، سابق صدر کے ترجمان عامر فدا پراچہ، راجہ عمران اشرف، راجہ شکیل عباسی، راجہ امجد، ملک حاکمین خان، چوہدری افتخار، نعیم کیانی، سمیرا گل، راجہ مختار عباسی، سہیل رومی، ندا نذیر سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

نیر حسین بخاری نے کہا کہ آنے والے الیکشن اہم ہیں کیونکہ اس وقت نواز شریف کی کھوکھلی خارجہ پالیسی نے عالمی سطح پر پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل کر بہترین سفارتکاری کی جس سے پاکستان کے دوستوں میں اضافہ ہوا۔ نیر بخاری نے کہا کہ کارکن بھرپور طریقے سے میدان میں نکل آئیں تاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنا کر ترقی یافتہ اور مہذب معاشرہ قائم ہو سکے۔۔