نیب نے چھان بین کا دائرہ کار وسیع کر تے ہوئے ہائوسنگ سکیموں کے مالکان اور ڈویلپرز کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لی

جمعرات 21 جون 2018 21:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) نیب نے چھان بین کا دائرہ کار وسیع کر تے ہوئے ہائوسنگ سکیموں کے مالکان اور ڈویلپرز کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت ریجن بھر میں لگ بھگ سو سے زائد ہائوسنگ سکیموں کو باضابطہ طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کافرانزک آڈٹ شروع کیا گیا ہے ،جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سکیموں کے اجراء میں میونسپل کارپوریشن اور دیگر بلدیاتی اداروں کی ملی بھگت سے اہم ترین امور کو نظر انداز کر کے جہاں حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا وہاں بنیادی اور پرکشش سہولیات کے نام پر سادہ لوح عوام کو بے دریغ لوٹا گیا،یہی نہیں قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی اور مطلوبہ معیار پور ا نہ ہونے سے ان ہائوسنگ سکیموں کے بڑھتے ہوئے مسائل مکینوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کیلئے باعث تشویش بنتے جا رہے ہیں، سابقہ ادوار میں جب بھی ان ہائوسنگ سکیموں کے خلاف ایکشن یا انہیں قانونی دائرہ کار میں لانے کی کوشش کی گئی تو سیاسی مداخلت ہر مرتبہ آڑے آتی رہی ، اس امر کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ اس وقت سرگودھا میں 90فیصد ہائوسنگ سکیموں کے مالکان میں منتخب سیاسی نمائندے شامل ہیں اور ارکان اسمبلی کے ان میں شیئرز ہیں، اس سلسلہ میں آئندہ ہفتے نیب کی خصوصی ٹیم سرگودھا بھی آئے گی ، دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹاف نیب کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو جاری مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ترجیح بنیادوں پر ہائوسنگ سکیموں کے مالکان اور ڈویلپرز بالخصوصی سیاسی نمائندوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات 31مئی تک ہر صورت میں انکوائری آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر زوار منظور کو ارسال کی جائیں۔