عام انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کو اسی پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے جہاں وہ ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں

جمعرات 21 جون 2018 21:30

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) عام انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کو اسی پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے جہاں وہ ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں۔تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ اپنے اس بنیادی حق کو بھی استعمال کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار پنجاب ٹیچرز یونین جہلم کے عہدیداران چودھری راشد محمود ،محمد اشفاق حیدر،چودھری وحید حیدر،افضال محمود اور دیگر نے ایک اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سکول کے اساتذہ اورپروفیسرصاحبان کے علاوہ پاک فوج پولیس اور دیگر اداروں کے سرکاری ملازمین کی عام انتخابات میں ڈیوٹی کی وجہ سے پڑھے لکھے اور باشعور افراد کی ایک بڑی تعداد ووٹ کاسٹ نہیں کرپاتی اور ٹرن آئوٹ بھی بہت کم رہتا ہے۔پوسٹل بیلٹ کا طریقہ بھی موجود ہے لیکن اکثر سرکاری ملازمین اس سہولت سے ناآشنا ہیں ۔ چنانچہ سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ جس پولنگ اسٹیشن پر سرکاری ملازمین ڈیوٹی انجام دے رہے ہوں انھیں وہیں پر ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے۔تاکہ ان سرکاری ملازمین خصوصاًً سکول اساتذہ اور پروفیسرصاحبان کے قیمتی ووٹ ضائع نہ جائیں ۔اس سلسلے میں ایک تحریری درخواست بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کردی گئی ہے۔