نگران وزیراعظم بھی ظل الہی بن گئے

ناصرالملک نے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے الیکشن کمیشن تک چند قدم کی مسافت13گاڑیوں کیساتھ کیا

جمعرات 21 جون 2018 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعظم بھی ظل الہی بن گئے ،شہانہ پروٹوکول میں منتخب وزرائے اعظموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ، زندگی کے کئی سال ایک سکیورٹی اہلکار کے ہمراہ عدالت جانے والے جسٹس ناصرالملک نے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے الیکشن کمیشن تک چند قدم کی مسافت تیرا گاڑیوں کے ہمراہ طے کر کے دیکھنے والوں کو چکرا کر رکھ دیا ، وزیراعظم کے الیکشن کمیشن کے دورے کے دوران ریڈ زون بھی عام شہریوں کے لیے ممنوع علاقہ قرار دیدیا گیا ، وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ریڈزون پر سفر کرنے والے شہری طویل مدت تک تپتی دھوپ میں اتتظار کرنے پر مجبور رہے ،وزیراعظم کا دورہ نہ صرف عوام پر بھاری گزرا بلکہ پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی پانچ گھنٹے تک ریڈزون میں ہی وزیراعظم کی آمد کی منتظر رہی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائر ناصرالملک نے الیکشن کے امور کا جائزہ لینے کی غرض سے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا جہاں حکام کی جانب سے انہیں مختلف امور پر بریفنگ دی گئی ، ناصرالملک وزیراعظم سیکرٹریٹ سے چند قدم کی مسافت پر 13گاڑیوں کے ہمراہ پہنچے ، انکے دورے کے موقع پر ریڈ زون میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو مختلف تھانوں سے لاکر صبح سات بجے ہی الیکشن کمیشن کے باہر اور ریڈزون کے مختلف مقامات پر تعینات کردیاگیا تھا ۔۔