پاسبان نے کراچی سی3 قومی اور 11صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا

پاسبان کے نمائندے کامیاب ہوکر کراچی کو میگا سٹی کا آئینی حق دلوائیں گے : الطاف شکور

جمعرات 21 جون 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کراچی سے 3قومی اسمبلی اور 11 صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ان نمائندوں کے کاغذات منظور کرلئے گئے ہیں اور اسکروٹنی کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے ۔ پاسبان کے نمائندے فتح سے ہمکنار ہوکر کراچی کو ناانصافی کے اندھیروں سے نکالیں گے اور شہر کو میگا سٹی کا آئینی حق دلواکر رہیں گے ۔

وہ پاسبان کراچی کے زیر اہتمام عہدیداروں اور الیکشن ورکرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم اور پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے بھی خطاب کیا ۔ اعلان کے مطابق عبدالحاکم قائدNA-253،قمر صدیقی NA-252،زین العابدین NA-238،محمد طیب PS-95،کلیم اللہ PS-98،فضل ربی خان PS-107،تنویر احمد بلوچ PS-108، علی خان PS-113 ،ظفر اقبال PS-117،رحمان گل PS-120،دانش PS-124،آصف احمد PS-127،محمدصادق PS-129،آصف بخشPS-130سے امیدوار ہوں گے ۔

(جاری ہے)

الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان صحیح معنوں میں عوامی پارٹی ہے ۔ اس میں کوئی وڈیرہ اور جاگیر دار نہیں ۔ یہ عوام کے مخلص ،بہادر اور مظلوم دوست نمائندے ہیں ۔ کراچی کو گوٹھ کے وڈیروں اور شہر کے لٹیروں نے تباہ کیا ۔ پاسبان کے نمائندے اسمبلیوں میں جاکر کراچی کو میگا سٹی کا آئینی حق دلوانے کی جدوجہد کریں گے ۔ پاسبان کے نمائندے کرپشن کے اندھیروں میں امید کی روشنی ہیں ۔ وڈیرہ شاہی اور سیاسی جماعتوں نے مایوس کیا ہے ۔