کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کی آپس میں ناچاقی کی بنا ء پر کھیلوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے، وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ

اب وقت آ گیا ہے کہ تمام کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کو ایک پلیٹ فارم پر آکر مل کر کام کرنا ہوگا، اجلاس سے خطاب

جمعرات 21 جون 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کی آپس میں ناچاقی کی بنا ء پر کھیلوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے اور انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کو ایک پلیٹ فارم پر آکر مل کر کام کرنا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے اسپورٹس ایسوسی ایشنز کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے ایسوسی ایشنز کی بڑی تعداد اجلاس میں شریک ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سب اسپورٹس لورز ہیں اور فیلڈ میں کھلاڑیوں کے لئے اپنے صوبے کے لئے اور اپنے ملک کے لئے کھیلوں کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ ہمیں اس طرح کا راستہ نکالنا ہوگا کے کہ جس میں محبت اور اسپورٹس ہو۔ انہوں نے کہا کہ آپس کی رنجشون اور مخالفتون سے کھلاڑیوں کا نقصان ہوتا ہے جب تک تمام کھیلوں کی ایسوسی ایشنز اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے اختلافات بھلا کر ایک پیج پر آجائیں تو مسائل حل ہوسگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل کو ڈاکٹر نیاز علی عباسی جیسا سیکریٹری ملا ہے جو پورے سندھ میں کھیلوں کے فروغ کے لیئے کام کر رہے ہیں۔

اور ہم سب ملکر تمام ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے اسپورٹس بورڈ کے پالیسی کے تحت ایک دائرہ کار وضع کر کے ایسی پالیسی بنائی جائے گی جس میں سب کو کام کرنے کا موقع ملے گا اور حکومت بھی اس کو سپورٹ کرے گی۔اسکوائش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں آپ لوگوں کی موجودگی ثابت کرتی ہے کہ آپ اپنے جھگڑے ختم کرکے ایک پلیٹ فارم پہ آنا چاہتے ہیں۔

اور اگر آپ چاہیں تو یہ جھگڑے آج ہی ختم ہو سکتے ہیں۔ جہانگیر خان نے کہا کہ پورے پاکستان میں کوئی شخص ایسا نہیں ہے کہ جو اسپورٹس سے محبت نہ کرتا ہو۔ سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کہا کہ ہماری اور آپ کی خوش قسمتی ہے کہ ایک ایسا نوجوان وزیر کھیل اور یوتھ افیئرز آیا ہے جو خود بھی نوجوان ہے اور اسپورٹس لورز خاندان سے اس کا تعلق ہے۔

یہ اپنے ڈاکٹر سید محمد علی شاہ اور والدہ صاحبہ کی طرح کھیلوں کے میدان آباد کر کے کھلاڑیوں کو ان کا حق دلانا چاہتے ہیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ اجلاس میںگلفراز خان ،حاجی غلام محمد، وسیم ہاشمی، انجنیرمحفوظ الرحمان، آصف عظیم، خالد رحمانی، مدثر آرائین، احمد علی راجپوت ، حمیرا خان، ذیشان مرچنٹ، صوبائی وزیر سید جنیدشاہ کے کوآرڈی نیٹر سیدعمران زیدی، پی ایس سید مہدی شاہ اور پی آر او حامد علی خان موجود تھے۔