بلدیہ وسطی میں ہریالی کا نیا دور شروع ، بلدیہ وسطی میں عوام کے تعاون سے شجرکاری شروع کرنے کا منصوبہ

جمعرات 21 جون 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) بلدیہ وسطی میں پبلک پرائیویٹ تعاون سے شجرکاری کا نیا دور شروع ہونے والاہے جو ضلع وسطی میں ہریالی ہی ہریالی پھیلادے گا۔ چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی کے مطابق مقامی اسٹیٹ ڈیلرز کے وفد نے اُن سے ملاقات کی اور ضلع وسطی میں ہریالی پھیلانے کیلئے شجرکاری کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔

اس موقع پر ریحان ہاشمی نے اُنہیں بتایاکہ بلدیہ وسطی تسلسل کے ساتھ شجرکاری کا پروگرام کرتی رہتی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں پودے عوام کو بھی مہیاکئے جاتے ہیں۔تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ عوام کی جانب سے بلدیہ وسطی کو تعاون کی پیش کش کی گئی ہے جو کہ ایک بہت ہی خوش آئند بات ہے ۔ اگر ایسے ہی دیگر کاموںمیںبھی عوام کی جانب سے بلدیہ وسطی کو تعاون حاصل ہوتا رہے تو کوئی وجہ نہیں کہ ضلع وسطی شہر کا سب سے خوبصورت اور صاف شفاف ضلع نہ بن سکے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ ڈیلرز کے وفد نے ضلع وسطی میں ہریالی میں اضافے کے لئے شجرکاری کرنے کا ارادہ ظاہر کرنے کے ساتھ اپنی جانب سے پودے بھی مہیاکرنے کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ بلدیہ وسطی کے پارک ڈپارٹمنٹ سے مل کر موثر منصوبہ بندے کرنے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی۔اُمید کی جاسکتی ہے کہ اگر مندرجہ بالا پبلک پرائیویٹ تعاون سے شروع کی جانے والی شجرکاری گہراہرا رنگ لائے گی اور ضلع وسطی کو شہر کا سبز ترین ضلع بنانے میں کامیابی حاصل ہوگی۔