میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر چیئرمین کورنگی نیئر رضا کا کے آئی ایچ ڈی کا دورہ

ْچیئرپرسن ہیلتھ کمیٹی ناہید فاطمہ اور نیئر رضا کا اسپتال میں سہولیا ت کی فراہمی کا جائزہ

جمعرات 21 جون 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر چیئرمین کورنگی نیئر رضا اور چیئرپرسن ہیلتھ کمیٹی ناہید فاطمہ نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا دورہ کیاجہاں انہوں نے سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی ایگزیکٹیوڈائریکٹر کے آئی ایچ ڈی راشد علی نے نیئر رضا اور ناہید فاطمہ کو اسپتال کے تمام شعبہ جات کا دورہ کرایا اور بریفنگ دی ۔

چیئر مین کورنگی اور چیئرپرسن ہیلتھ کمیٹی نے اسپتال میں صفائی ستھرائی اور سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ایگزیکٹیوڈائریکٹر کے آئی ایچ ڈی راشدعلی کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کے باوجود شہریوں کو بلاتعطل طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

فنڈز کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی جلد از جلد کے آئی ایچ ڈی کا مکمل فنڈ جاری کرے ۔ انہوں نے کہاکہ ادارے میں کنسلٹنٹ کی شدید کمی ہے میئر کراچی سے گزارش ہے کہ فوری طور پر کنسلٹنٹ اپائنمنٹ کیا جائے۔ چیئرمین کورنگی نیئر رضا کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادار ے فنڈز کی کمی کا شکار ہیں جس کے باعث عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مخیر حضرات بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں کو امداد فراہم کریں تاکہ مریضوں کو بلاتعطل سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔

جبکہ چیئرپرسن ہیلتھ کمیٹی ناہید فاطمہ نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کے کراچی میں 13اسپتال ہیں،جن میں وسائل کی کمی کے باوجود شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں کو ادویات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ،کل سے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی شروع کردی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کے دیگر اسپتالوں کی نسبت کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز بہتر ہے ،جہاں شہریوں کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ صفائی ستھرائی کا نظام بھی بہترہے ۔

متعلقہ عنوان :