عوامی جمہوریت، بنیادی حقوق کا تحفظ، آمرانہ جبر و تشدد کا خاتمہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی عظیم جدوجہد کا نتیجہ ہے، پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ

جمعرات 21 جون 2018 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی رہنمائوں نے کہا ہے کہ عوامی جمہوریت، بنیادی حقوق کا تحفظ، آمرانہ جبر و تشدد کا خاتمہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی عظیم جدوجہد کا نتیجہ ہے بے نظیر بھٹو نے اپنی ہمت اور جدوجہد سے وہ کر دکھایا کہ جس کی مثال ساری اسلامی دنیا میں نہیں ملتی، بینظیر بھٹو شہید د عظیم رہنما اور مظلوموں اور محکوموں کی امید تھیں بینظیر بھٹو نے پوری زندگی غریب اور محنت کش طبقات کیلئے وقف کر دی جمہوری جدوجہد اور قربانیوں میں محترمہ شہید کا کوئی ثانی نہیں۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صدر و سابق صوبائی وزیر غزالہ گولہ ،جنرل سیکرٹری زرینہ زہری ،سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس،کلثوم افتخاراوردیگر نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ’’گولہ ہاؤس‘‘میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

(جاری ہے)

شہید بینظیر بھٹو نے جس جرات و بہادری سے ملک میں عوام کے حقوق کی جنگ اور عالمی برادری میں پاکستان کا مقدمہ لڑا وہ موجودہ ملکی و علاقائی سیاسی قائدین کے لیئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر شہید نے اپنے عظیم والد ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور2جواں سالہ بھائیوں کی شہادت اور ضعیف العمری اور علالت میں مبتلا والدہ کی تیمارداری کرتے ہوئے، اپنے خاوند کو جیل کی سلاخوں میں حوصلہ دیتے ہوئے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کی بحیثیت ماں ذمہ داریان نبھاتے ہوئے ایک لیڈر و قائد کے ذمہ دارانہ کردار کو جرات و بہادری سے نبھایا وہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور والدہ کی لیگسی کو آگے بڑھاتے ہوئے عوامی سطح پر جس طرح قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں اس نی1967ء میں بھٹو شہید کے کردار کی یاد تازہ کردی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم بھٹو بی بی اور جمہوریت کے پیروکار ہیں اور ہم نے جمہوریت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیںآج ہم انہیں سالگرہ کے دن خراج عقیدت پیش کرتے ہیںانہوں نے کہا کہ آئیں آج بی بی شہید کی سالگرہ کے موقع پر ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم چیئرمین بلاول کی قیادت میں بھٹو شہید کے وژن، بینظیر شہید کے افکار و نظریات پر مشتمل ایجنڈہ جمہوریت، انسانی حقوق ، مساوات، سماجی انصاف کی راہ میں تمامتر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے اپنے آپ کو آگے کی جانب لے کر بڑھیں گے۔