ضلع باجوڑ کے تمام امیدواروں کا الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کا اعلان

جمعرات 21 جون 2018 20:50

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) ضلع باجوڑ کی سیاسی جماعتوں اور تمام امیدواروں نے الیکشن کے پرامن انعقاد کو ممکن بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی بھر پور پاسداری کرنے کا اعلان کیاہے ۔ یہ اعلان جمعرات کے روز صدرمقام خار میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوںاور امیدواروں کے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میں کیاگیاہے ۔

اجلاس میں باجوڑایجنسی کے ڈپٹی کمشنر انجینئر عامر خٹک (ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ) اسسٹنٹ کمشنر خار عارف خان یوسفزئی(ریٹرننگ آفیسر این ای41) ، اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی انورالحق ( ریٹرننگ آفیسر این اے 40) ایجنسی الیکشن کمشنر پرویز اقبال ، انتظامیہ کے دیگر ااہلکاروں ،سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور حلقہ این اے 40اور حلقہ این اے 41 کے تمام امیدواروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایجنسی میںپر امن ۔ غیر جانبدار اور صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بحث کیاگیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے باجوڑایجنسی کے ڈپٹی کمشنر (ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر) انجینئر عامر خٹک نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اورانتظامیہ باجوڑ میں پرامن، ازادانہ صاف اور شفاف انتخابا ت کے انعقاد ممکن بنانے کے لیے تمام وسائل برو ئے کارلارہی ہیں انھوں نے کہاکہ انتظامیہ مکمل طور پر غیر جابندار ہے ۔

انھوں نے کہاکہ انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ انتخابات کے پرامن ماحول میںانعقاد یقینی بنائے جائے۔ انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوںاور امیدواروں سے کہاکہ وہ باجوڑ میں پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے ۔ انھوں نے کہاکہ باجوڑ میں کوئی بھی نو گو ایریا نہیں ہے اور امیدوار جہاں بھی چاہے جاسکتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ جلسہ اور اجتماعات کے انعقاد کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو پہلے سے اگاہ کیا جائے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تمام امیدوار الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں گے اور باجوڑ میں صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں اپنی زمہ داری نبھائیں گے ۔ اجلاس میں تمام امیدواروں نے عہد کیا کہ وہ الیکشن کمیشن کے قواعد اور ضوابط کے مکمل پاسداری کریں گے۔ اجلاس میں باجوڑ کے حلقہ این اے 40 اور حلقہ این اے 41 کے تمام اُ مید واروں نے شر کت کی ۔