عدالت ِ عظمیٰ سندھ کے کاشت کاروں کے ساتھ ہو نے والی زیادتیوں کا نوٹس لے، نواب زبیر تالپور

جمعرات 21 جون 2018 20:40

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) سندھ آباد تحریک سندھ کے صدر نواب زبیر تالپور نے اپیل کی ہے کہ عدالت ِ عظمیٰ سندھ کے کاشت کاروں کے ساتھ ہو نے والی زیادتیوں کا نوٹس لے ۔حیدرآباد پریس کلب میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ سندھ میں پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ زرعی زمین بنجر بن گئی ہے ، عوام کو پینے کا صاف پانی بھی نہیں مل رہا ہے حتیٰ کہ جانوروں کو پلانے کا پانی بھی میسر نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کی ذمہ داری ارسا کی غلط پالیسیاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فصلوں کے بیج اور ادویات پر کاشت کاروں نے لاکھوں روپے خرچ کئے ہیں لیکن پانی کی کمی کی وجہ سے وہ سب ضائع ہو رہے ہیں اس وجہ سے سندھ کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عدالتِ عظمیٰ کے حکم کے باوجود شوگر ملز مالکان نے 160روپیہ فی من کے حساب سے اب تک ادا نہیں کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے شوگرملز مالکان کو سبسڈی کی رقم مل چکی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ٹیوب ویل کے لیے سولر پینل لگانے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا اب اعلان کیا جارہا ہے کہ جو کاشت کار 33لاکھ روپے ادا کریں گے انہیں سولر پینل لگاکر دیا جائے گاانہوں نے کہاکہ اس معاملہ کی نیب کے زریعہ تحقیقات کرائی جائے سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عمل در آمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کرے نواب زبیر تالپور نے نہری نظام رینجرز کے حوالہ کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اس سے کاشت کاروں کو انصاف کے مطابق پانی مل سکے گا۔