ْ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ، صدر آزادکشمیر

جمعرات 21 جون 2018 20:40

مظفر آباد/اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس کا ریلیف مل سکے اور وہ جلد از جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں ۔ اِن خیالات کا اظہار صدر نے ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدر آزادجموں و کشمیر سے جمعرات کو یہاں صدارتی بلاک کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے جہاں آزادکشمیر کے لوگوں کو بہتر سفری سہولیات دستیاب ہوں گی وہاں سیر و سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور آزادکشمیر سیاحوں کے لئے پرکشش سیاحتی مقام بن جائے گا ۔صدر نے کہا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کو بھی ترجیح بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔صدر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں حالیہ جاری ظلم و جبر کی نئی لہر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور بھارتی مظالم کی سخت مذمت کی اور اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری سے موجودہ صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔