کوہاٹ استرزئی کے مختلف مقامات پر طویل سرچ آپریشن ،30مشتبہ افرادگرفتار

جمعرات 21 جون 2018 20:40

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) کوہاٹ استرزئی کے مختلف مقامات پر طویل سرچ آپریشن میں 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کاروائی میں خود کار اسلحہ و منشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرکے تحویل میںلی گئی ہیں۔حساس معلومات کی بنیاد پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی چھ گھنٹے تک مسلسل جاری رہی۔کاروائی میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے ٹارگٹڈ مقامات پر اچانک چھاپے مارے ۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ آپریشن کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان اور ایس ایچ او تھانہ استرزئی قسمت خان کی قیادت میںجمعرات کے روز مختلف علاقوں مرئی ،کچئی،مٹھا خان ،استرزئی بالااور دیگر ملحقہ مقامات کا محاصرہ کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مار کاروائیوں میں30مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

حساس اطلاعات کی بنیاد پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائی چھ گھنٹے تک مسلسل جاری رہی جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے مسلح دستوں کے علاوہ بم ڈسپوزل سکواڈ،کھوجی کتوںکی ٹیم،خواتین پولیس اور سراغ رساں ادارے کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔کاروائی میں پولیس کی آپریشنل ٹیموں کو بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل رہی۔

سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی اس کاروائی میں پولیس نے زیر حراست افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلاشنکوف،دو ریپیٹر،ایک رائفل،تین شاٹ گن،گیارہ پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور چار کلو گرام چرس برآمد کرکے تحویل میں لئے ہیں۔سرچ آپریشن کی کاروائی میں زیر حراست افراد کو چھان بین کیلئے سخت سیکیورٹی میں تھانہ استرزئی منتقل کردیا گیا جہاں اسلحہ ومنشیات رکھنے کے جرم میںبعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ دیگر مشتبہ افرادسے پوچھ گچھ جاری ہے۔