انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقادکوہرصورت یقینی بنایاجائے،کمشنرڈیرہ اسماعیل خان

جمعرات 21 جون 2018 20:40

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی ، ریجنل الیکشن کمشنر، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے علاوہ حساس اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیاسی رہنمائوں ، امیدواروں، انتخابی عملے اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ایک جامع پلان ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ہر پولنگ سٹیشن پر پریذائڈنگ آفیسر رزلٹ شیٹ کی تصویر ڈی آر او کو فوری طور پر ارسال کرے گا اور وہ اس کی تصدیق کرنے کے بعد متعلقہ حکام کو بھیجے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہر پولنگ سٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اجلاس کے دوران کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پولنگ سٹیشنز خصوصاً حساس پولنگ سٹیشنز کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ایک جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا جائے جس میں کوئی خامی باقی نہ رہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں بشمول حساس اداروں پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے آزاد انہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنے باہمی تعاون کو مزید موثر بنائیں۔