راولپنڈی چیمبر کاروپے کی قدر میں کمی پراظہار تشویش ،ادائیگیوں میں عدم توازن اورگرانی میں اضافہ ہوگا

جمعرات 21 جون 2018 20:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے روپے کی قدر میں کمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان نے گذشتہ روزچیمبر ہاوس میں تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے ادائیگیوں میں عدم تواز ن پیدا ہو گا، بیرونی قرضوں میں مزید اضافہ ہو گا اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

انہوں نے نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر سے مطالبہ کیا کہ حکومت روپے کی قدر کو سنبھالا دینے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس حوالے سے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک میں گرانی مزید بڑھے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سفر، تعلیم، علاج معالجے اور سیاحتی مقاصد کے لیے ڈالر کی ضرورت پڑتی ہے ۔مارکیٹ میں ڈالر کی عدم دستیابی کی بھی شکایات آرہی ہیں اور سپلائی کم ہونے کے باعث لوگوں کو ڈالر کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ روپے کی گرتی ہوئی قدر کے باعث معیشت سست روی کا شکار ہو گی جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے پاکستان میں صنعتی ترقی کا دارو مدار خام مال کی ستیابی پر ہے جبکہ روپے کی گراوٹ کی وجہ سے خام مال اور مشینری مزید مہنگی ہو جائے گی جس سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو گا مقامی صنعت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ روپے قدر بہتر ہو۔

اسٹیٹ بنک کرنسی کی ترسیل کی مانیٹرنگ مزید بہتر بنائے ۔