Live Updates

خواتین ان امیدواروں کا چنائوکریں جو خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہوں ۔سبین گل خان

جمعرات 21 جون 2018 20:30

ملتان۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) ممبر میونسپل کارپوریشن و پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار برائے مخصوص نشست برائے پنجاب اسمبلی سبین گل خان نے کہا ہے کہ خواتین کو حقوق سے آگاہی دلانے اور پروٹیکشن سے متعلقہ قوانین سے جانکاری اور ووٹر ایجوکیشن کیلئے جدوجہد وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وومن پروٹیکشن و ووٹر ایجوکیشن عوامی آگاہی سنٹر کے موقع پر افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ووٹر ایجوکیشن، حقوق سے آگاہی دلانے کے ساتھ ساتھ خواتین کی پروٹیکشن کیلئے بنائے گئے قوانین کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین پر ہونے والے تشدد کا راستہ روکا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ خواتین ان عوامی نمائندوں کا چنائو عمل میں لائیں جو کہ خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے ہوں اور ان کے ووٹر ہونے کا تقدس ان امیدواروں کیلئے ترجیح ہو، آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہمیں طلباء و طالبات کو یہ ایجوکیشن دینا ہوگی کہ وہ اپنے تحفظ اور حق رائے دہی کے استعمال کیلئے اپنے حصے کا اہم کردار ادا کرسکیں۔

سبین گل خان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جو ایک نئے ویژن کے ساتھ میدان عمل میں اتری ہے اور ملک سے کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کا ایک خاص ایجنڈا رکھتی ہے اس کے امیدواران ہی دراصل ملک میں تبدیلی کا بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات