وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر سے چینی سفارتخانے کے ناظم الامو ژولیجن کی ملاقات

ثقافتی تبادلوں سے پاک چین دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا ، متنوع ثقافت کے ساتھ پاکستان کو ثقافت ،سیاحت ،تعلیم اور انفارمیشن کے شعبوں میں مزید مواقعے ملیں گے ،چینی کتابوں کی لائبریری بنائی جائے جہاں موجود کتب کا ترجمہ بھی دستیاب ہو،بیرسٹر سید علی ظفر

جمعرات 21 جون 2018 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر سے چینی سفارتخانے کے ناظم الامو ژولیجن نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ثقافتی تبادلوں سے پاک چین دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا ،معاشی تعاون کے استحکام کے لئے دونوں ممالک کی ثقافت ،ورثے اور زبان کی باہمی تفہیم کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ متنوع ثقافت کے ساتھ پاکستان کو ثقافت ،سیاحت ،تعلیم اور انفارمیشن کے شعبوں میں مزید مواقعے ملیں گے ۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے لئے ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے اور اس اردگر کے ممالک کے لئے مختلف مواقع فراہم کریگا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے تعلیم کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ چینی کتابوں کی لائبریری بنائی جائے اور وہاں موجود کتب کا ترجمہ بھی دستیاب ہو ۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک ) پر عمل درآمد پر اطیمینان کا اظہار کرتے ہوئے چینی سفارتخانے کے ناظم الامور نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چینی حکومت کا راہداری منصوبوں میں سب سے بڑا اور کامیاب منصوبہ ہے ۔انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ توانائی کے شعبے میں 6منصوبے کامیابی سے مکمل کر لئے گئے ہیں اور دیگر 8منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادری راہداری(سی پیک) کے تحت توانائی ،بنیادی ڈھانچے ،صنعت اورثقافت سمیت دیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔