صدر مملکت ممنون حسین تاجکستان کا چار روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

جمعرات 21 جون 2018 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین تاجکستان کا چار روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ دوشنبے ہوائی اڈے سے روانگی کے وقت تاجکستان کے نائب وزیر اعظم ذاکر زادہ محمد طاہر نے صدر مملکت کو رخصت کیا۔ وطن واپسی کیلئے صدر ممنون حسین دوشنبے ایئر پورٹ پہنچے تو نائب وزیراعظم کے ہمراہ تاجکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

تاجک حکام نے دورہ کرنے پر صدر ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا۔ چار روزہ دورہ میں تاجک صدر امام علی رحمان سمیت مختلف سربراہان مملکت نے صدر ممنون حسین سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ امور سمیت خطہ میں تجارتی، اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور زیر غور آئے۔ دورہ کے دوران صدر ممنون حسین نے بین الاقوامی آبی کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت بھی کی۔ صدر مملکت نے آبی مسائل کے حل کیلئے زور دیا کہ عالمی برادری اختلافات بھلا کر باہمی تعاون کو فروغ دے۔