کراچی، ماضی میں شہر کراچی سے نوجوان نسل نے قابلیت کی بنیاد پر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،سمیع الدین صدیقی

کھیل کے مختلف میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لوہا منوایا ہے، نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ صحتمندانہ ماحول اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی

جمعرات 21 جون 2018 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ ماضی میں شہر کراچی سے نوجوان نسل نے قابلیت کی بنیاد پر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، کھیل کے مختلف میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے لوہا منوایا ہے، اسی روایت کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ صحتمندانہ ماحول اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے، اس حوالے سے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

نارتھ ناظم آباد میں قائم ایسٹرن اسٹار گرائونڈ میں کے ڈی اے الیون بامقابلہ عقیل کمبائنڈ الیون کے مابین ایک نمائشی میچ میں کے ڈی اے الیون ٹیم کی فتح پر ڈی جی کے ڈی اے نے اپنے خیالات کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے الیون کی کامیابی پر نگراں صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس محمد ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز منشی اور کے ڈی اے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان آباد کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ڈی جی کے ڈی اے کی خصوصی ہدایت پر حال ہی میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے میرٹ کی بنیاد پر کے ڈی اے کرکٹ ٹیم کو فعال کیا ہے۔ عقیل کمبائنڈ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا، مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز کا ہدف دیا جو کے ڈی اے کرکٹ ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 13 اوورز باآسانی ہدف حاصل کیا، عمر حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ اشعر نے 50 رنز بنائے۔ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عمر حسن کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔#