پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور برٹش کونسل کے ادارے تعبیر کے مابین اراکین اسمبلی اور اسمبلی سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ایم او یوکی تقریب

جمعرات 21 جون 2018 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ اور تعبیر کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ہوا یہ تقریب پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں تھے۔ تقریب میں تعبیر کے پروگرام ڈائریکٹر عامر گورایہ،نمائندہ برٹش کونسل مس شازیہ خاور ،ٹیم Leadتعبیر حسن ناصر، پراجیکٹ سپیشلسٹ تعبیر جودت بلال، پنجاب اسمبلی کے ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امورعنایت اللہ لک، ایڈیشنل سیکرٹری عارف شاہین اور اسمبلی کے دیگرسینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تعبیر کے پروگرام دائریکٹرعامر گورایہ اور پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے تعبیر کے فوکل پرسن خالد محمود، ڈپٹی سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے MOUسائن کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ اسمبلی نے اپنے گزشتہ دور میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ انہون نے اسمبلی سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیںاپنے سٹاف کی کارکردگی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں اسمبلی ملازمین نے کبھی کوتاہی نہیں برتی۔ سپیکر نے امید ظاہر کی کہ تعبیر نو منتخب اسمبلی کی تربیتی ورکشاپس کے لئے پہلے سے ہی ایک جامع پروگرام ترتیب دے گی۔