اے این پی کا انتخابی منشور عوامی امنگوں کی عکاس ہے، میاں افتخارحسین

جمعرات 21 جون 2018 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور پی کے 65 سے عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ ان کے حلقے میں دھڑا دھڑ شمولیتوں نے حلقے کی انتخابی فضا یکسر بدل دی ہے اور یہ شمولیتں عوامی نیشنل پارٹی پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ وہ طائیزئی محلہ، جبہ تر، شاہ کوٹ کے مختلف مقامات اور ناصر کلے میں منعقدہ شمولیتی تقریبات سے خطاب کررہے تھے جہاں درجنوں سرکردہ افراد نے اپنے خاندانوں اور دوستوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

میاں افتخارحسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابی منشور عوامی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے جس میں تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عملی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور بلاتعصب ہر شہری کے مسائل کے حل کے متمنی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس سے قبل عوام کی راہنمائی کی ہے اور اپنے دور حکومت میں ہم نے جتنے کام کئے، وہ ہم سے پہلے اور بعد میں آنے والی حکومتیں مل کر نہیں کرسکیں ہیں، میاں افتخارحسین نے کہا کہ جو لوگ کام کرتے ہیں، عوام انہی سے زیادہ توقعات وابستہ رکھتے ہیں، انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر انہیں کامیابی ملی تو وہ اس حلقے کے ادھورے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پرکام کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے منشور کے مطابق بے گھر افراد کیلئے کم قیمت پر مکانات کی تعمیرکی منصوبہ بندی ، دہشت گردی سے متاثرہ افراد کیلئے انشورنس پلان کی ترتیب، مزدوروں کی اجرت میں اضافہ اور نوجوانوں کی فلاح اور روزگار کیلئے اقدامات اے این پی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونگی ۔ ایک ضلع ایک یونیورسٹی کے بنیادی نظریئے کے تحت خیبر پختونخوا میں شامل ہونے والے نئے اضلاع سمیت صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جائیگا جبکہ پانچ سے سولہ سال تک کے طلباء و طالبات کو مفت تعلیم فراہم کی جائیگی۔

میاں افتخارحسین نے پارٹی میں نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی نیشنل پارٹی کا منشور لے کر پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :