عوام انتخابات میں ان نمائندوں کو مسترد کرے گی جنہوں نے جھوٹے وعدوں پر ان سے ووٹ بٹورے،سکندر حیات شیرپائو

وہ ایسے نمائندوں کا چنائو کریں گے جوپختون روایات اور ان کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں،عہدیداروں اور کارکنوں کے مشترکہ اجتماع سے خطاب

جمعرات 21 جون 2018 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام آنے والے انتخابات میں ان نمائندوں کو مسترد کرے گی جنہوں نے جھوٹے وعدوں پر ان سے ووٹ بٹورے اور وہ اپنے لئے ایسے نمائندوں کا چنائو کریں گے جوپختون روایات اور ان کے مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں اپنے حلقہ انتخاب PK-56کے عہدیداروں اور کارکنوں کے مشترکہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آنے والے انتخابات کی تیاریوں کا مکمل جائزہ اور رابطہ عوام مہم اور پارٹی پروگرام گھر گھر پہنچانے کا سلسلہ مزید تیز کرنے کا عہد کیا گیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ الیکشن 2018پوری قوم کیلئے امتحان کی گھڑی ہے اور وہ جھوٹے وعدے اور تبدیلی کے برائے نام دعوے کرنے والوں کو بری طرح مسترد کرکے اپنے مخلص اور ایماندار قیادت کا چنائوکریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنے دور حکومت میں عوام کو مایوسیوں اور پریشانیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔انھوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی تبدیلی کا ڈھنڈورا پیٹا گیا جبکہ حقیقت میں اس کا نام و نشان نہیں۔انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں ووٹ کے ذریعے ان کو نکال باہر پھینک دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس بار صوبہ کے غیور عوام کو کسی بھی پرفریب نعرہ سے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا اور وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اس خطے اور یہاں کے باسیوں کے ہمدرداور مخلص قیادت کو سامنے لائیں گے ۔ سکندرشیرپائو کا کہناتھا کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد اب ضروری ہو گیاہے کہ ان کی پسماندگی دور کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انھوںنے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے نہ صرف صوبے کے وسائل بڑھانے اور مرکز سے صوبے کے حقوق دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ صوبے میں گذشتہ مختصر دور حکومت کے دوران ریکارڈ ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کرد یئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ سمیت پورے صوبے سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ اور ہر فورم پر پختونوں کی حالت بدلنے کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی کارکن 2018کے انتخابات کیلئے اپنی سرگرمیاں مزید تیز کردے اور پارٹی منشور اور پروگرام گھر گھر پہنچائے۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی اور حلقہ کے عہدیداروں کے علاوہ کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔