ایم ایم اے 2018 ء کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گی،سینیٹر مشتاق احمد خان

ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر اور لبرل قوتوں کے بس کا کام نہیں امریکہ نواز قیادت ایم ایم اے کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی، ایم ایم اے کی سیاست دنیاوی مفاد کیلئے نہیں ہے بلکہ ہماری سیاست کا مقصد نظام مصطفی اور خوشحال پاکستان ہے اقتدار میںآنے کے بعد ملک میں نظام عدل کے قیام کے علاوہ قوم کو مفت تعلیم ،روزگار ،صحت ،امن اور گھر کی چھت دے گی ایک آزاد خارجہ پالیسی کی بدولت قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی با عزت واپسی اور قوم کے مجرم کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔باقی تمام دنیا سے باہمی عزت و احترام اوربرابری کے بنیا د پر اچھے تعلقات استوار کرے گی،صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 21 جون 2018 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخواکے نائب صدراور امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہاہے کہ ایم ایم اے 2018 ء کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گی، ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر اور لبرل قوتوں کے بس کا کام نہیں، کرپٹ اور امریکہ نواز قیادت ایم ایم اے کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی۔

ایم ایم اے کی سیاست دنیاوی مفاد کیلئے نہیں ہے بلکہ ہماری سیاست کا مقصد نظام مصطفی اور خوشحال پاکستان ہے ۔ پاکستان جس مقصد کیلئے آزاد ہوا تھا اور جس مقصد کیلئے ہمارے آبائو اجد اد نے لازوال قربانیاں دی تھیں وہ ایک آزاد ملک میں اسلامی نظام کا قیام تھا انہی مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے ایم ایم اے قائم ہوئی ہے اور اقتدار میںآنے کے بعد اس ملک میں نظام عدل کے قیام کے علاوہ قوم کو مفت تعلیم ،روزگار ،صحت ،امن اور گھر کی چھت دے گی ایک آزاد خارجہ پالیسی کی بدولت قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی با عزت واپسی اور قوم کے مجرم کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔

(جاری ہے)

باقی تمام دنیا سے باہمی عزت و احترام اوربرابری کے بنیا د پر اچھے تعلقات استوار کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل pk.44 کے زیر اہتمام سلیم جانی حجرہ ہوٹل مانیری صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر ضلع جماعت اسلامی محمود الحسن ،نائب مرکزی امیر جمعیت علماء اسلام(ف)و نامزد امیدوار برائے NA.18 مولانا فضل علی حقانی ،ایم ایم کے نامزد امیدوار برائے pk.44 عثمان شیر ،امیر ضلع جے یو آئی مولانا درویش ،نائب امیر ضلع و ناظم انتخابات سعید زادہ یو سفزئی نے بھی خطاب کیا جبکہ ،ناظم انتخاب برائے pk.44 محمد علی خان ،تحصیل کونسلر زفاروق خان،ریاض علی شاہ ،اقبال زادہ ،جماعت اسلامی کے زونل امیر سہیل احمد بابر،میا ں افتخار الدین ،واجد علی شاہ و دیگر شریک تھے ۔

سینیٹرمشتاق احمد خان نے کہا کہ آ ئین کی اسلامی دفعات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا بے زمین کسان اور ہاریوں کیلئے مفت زمین اور بلا سود زرعی قرضے ، بجلی پانی ، بیج کھاد اور زرعی ادویات کی سستے داموں فراہمی کو فوری یقینی بنایا جائے گا۔ نئے ڈیم تعمیر کر کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا ہر شہری کیلئے تعلیم علاج اور روزگار یقینی بنایاجا ئے گا یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے گا۔

اایم ایم اے ملک کو ترقی کی نئی شاہراہ پر ڈالنے اور تمام بیروزگار نوجوانوں کو روزگار اور نہ ملنے کی صورت میں بیروزگاری الائونس اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو بڑھاپا الاؤنس دے گی نوجوانوں کی صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر اسے بین الاقوامی معیار تک لایا جائے گا ہسپتالوں کامعیار بہترسے بہترین بنایا جائے گا۔ایم ایم اے ہر یونین کونسل میںنوجوانوں کیلئے سپورٹس اور پلے گراؤنڈز بناکر دے گی۔

ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم کو مفت کرنے کیلئے فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔بنیادی صحت ہر انسان کا حق ہے عوام کو بڑی بیماریوں کا علاج مفت فراہم کیا جائے گاہسپتالوں کا معیار بہترین بنا کر ان کو کسی بھی بین الاقوامی ہسپتال کے برابر لایا جائے گا ۔ایم ایم اے قوم کو خوشحال اور قائد کا پاکستان دے گی ۔