زعیم کے بعد نثار نے بھی اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا

سابق وزیر داخلہ کل شام 5 بجے پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 21 جون 2018 19:02

زعیم کے بعد نثار نے بھی اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-21 جون 2018ء) :زعیم کے بعد نثار نے بھی اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا۔ سابق وزیر داخلہ کل شام 5 بجے پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گا۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کو مسلم لیگ ن میں ایک ستون کی حیثیت حاصل ہے۔انکی مسلم لیگ ن کے ساتھ 35سالہ رفاقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔انہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں جس طرح پارٹی کے ساتھ وفاداری قائم رکھی اسکی پاکستانی سیاست میں مثال کم ہی ملتی ہے۔

انہوں نے پارٹی کے سیاسی نشیب و فراز میں پارٹی اور پارٹی قیات کا مکمل ساتھ دیا لیکن ہر حال میں ساتھ چلنے والے چوہدری نثار اب مسلم لیگ ن سے ناراض ناراض نظر آتے ہیں ۔پانامہ کیسسز اور اس کے بعد کی صورتحال میں پارٹی قیادت کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے ،سابق وزیر داخلہ کسی صورت بھی ان سے متفق ہونے پر راضی نہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے بارہا ایسا موڑ بھی آیا کہ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ شائد سابق وزیر داخلہ پارٹی کو خیرباد کہہ دیں۔

تاہم مسلم لیگ ن کے ساتھ چوہدری نثار کے تعلقات اتار چڑھاو کے ساتھ موجود ہیں۔اس دوران کبھی لیگی قیادت چوہدری نثار پر چڑھائی کردیتی ہے تو کبھی چوہدری نثار مسلم لیگ ن کی قیادت بالخصوص نواز شریف پر۔اس حوالے سے 2 روز قبل بھی چوہدری نثار نے چکری میں خطاب کرتے ہوئے نواز شریف پر خوب چڑھائی کی۔۔میڈیا کےسامنےبہت سی باتیں نہیں کرسکتا۔نوازشریف اوران کی بیٹی کاجوکرداررہا وہ سامنےلاناچاہتاہوں۔

بیگم کلثوم نوازکی طبیعت خراب ہے۔نوازشریف اورن لیگ کےساتھ چند ماہ سےجوکچھ ہورہاہےبتانےکایہ موقع نہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا مجھ پر نہیں میرا اس پر اور اس کے خاندان پر قرض ہے۔34 سال سے میں نے نواز شریف کا بوجھ اٹھایا۔جب پارٹی بنا رہے تھے،اس وقت صرف15،20 لوگ تھے۔نواز شریف اہل نہیں تھے کہ پارٹی کے سربراہ بن سکیں۔میاں نواز شریف بہت زیادہ سینیر یا اہل نہیں تھے۔

انہوں اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ نواز شریف مسلم لیگ ن کے سربراہ کیسے بنے ۔انکا کہنا تھا کہ ان دنوں میں صرف کسی ایک کو آگے کرنا تھا تو فیصلہ کیا کہ نواز شریف کو آگے کرنا چاہیے۔ان 20،25 لوگوں میں آج مسلم لیگ ن میں ایک بھی شخص شامل نہی۔ان تمام افراد کو یا تو نواز شریف نے چھوڑ دیا یا انھوں نے پارٹی چھوڑ دی۔ہو سکتا ہے میری نواز شریف سے راہیں جدا ہو جائیں۔

تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چوہدری نثار نے کل شام پانچ بجے اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سابق وزیر داخلہ کل کی پریس کانفرنس میں اہم اعلان کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ آج ہی پنجاب حکومت کے سابق ترجمان اور مسلم لیگ ن کے اہم ترین رہنما زعیم قادری نے لیگی قیادت کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ میں حمزہ شہباز کا مالشیا نہیں ہوں اور نہ ہی سیاسی یتیم ہوں۔انکا کہنا تھا کہ میں اس مرتبہ آزاد الیکشن لڑوں گاا ور میرا الیکشن حمزہ شہباز کے خلاف اعلان جنگ ہے۔