فیصل آباد ،ْمیئر محمد رزاق ملک کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے شہر میں تجاوزات کیخلاف کریک ڈائو ن کی تیاریاں شروع

جمعرات 21 جون 2018 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) میئر فیصل آباد محمد رزاق کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی طرف سے شہر میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈائون کی تیاریاں شروع کر دی گئی ۔ اس کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن کمپلیکس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر چیف آفیسر زبیر حسین نت کے علاوہ تمام میونسپل آفیسر (ریگولیشن )، میونسپل آفیسر (فنانس )، میونسپل آفیسر (انفراسٹرکچر )، میونسپل آفیسر (سروسز)، میونسپل آفیسر (پلاننگ ) اور ریگولیشن /لینڈ برانچ کا دیگر عملہ بھی میٹنگ میں موجود تھا۔

تفصیلات کے مطابق میئر فیصل آباد محمد رزاق ملک کی ہدایت پر آٹھ بازاروں میں تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر فیصل آباد نے کہا کہ آٹھوں بازاروں میں رمضان اور عید کی وجہ سے تجاوزات حد سے زیادہ بڑھ چکی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آنے جانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے لینڈ برانچ کے عملہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر کم از کم آٹھ بازاروں سے تجاوزات کاخاتمہ کیا جائے کام میں سستی اور کاہلی قطعا ً برداشت نہ کی جائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے کام کو چیک کرنے کے لیے ایک انسپیکشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں انٹی انکروچمنٹ عملہ کے خلاف سستی ، کام چوری اور رشوت خوری کا کوئی بھی ثبوت ملا تووہ فوراً مجھے آگاہ کرے میں خود اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات مافیا نے اپنے فائدے کی خاطر آٹھ بازاروں کی حقیقی خوبصورتی کو ختم کر رکھا ہے جس کو بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ میٹنگ کے اختتام پر لینڈ برانچ کی طرف سے تجاوزات کو جلد از جلد ختم اور کریک ڈائون کے کامیابی کے ساتھ ہمکنار کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔

متعلقہ عنوان :