پیسکو کا الیکشن پر اثر انداز ہونے کا نوٹس لیاجائے،بحراللہ

جمعرات 21 جون 2018 18:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 76پشاور سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار بحر اللہ خان ایڈوکیٹ نے چیف الیکشن کمشنر اور نگران وزیر اعظم پاکستان جسٹس (ر) ناصر الملک سے مطالبہ کیا ہے کہ پیسکو چیف پشاور،پیسکو چیف انجینئرپشاور،ایکسین آر ای ڈی اور ایکسین پشاور کو فی الفور تبدیل کیا جائے تاکہ شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔

قاضی کلے ،عامر ایوب کالونی اور بشیر آباد میں انتخابی اجلاسوں اور کارنرمیٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واپڈا حکام ن لیگ کے نامزد امیدوار ملک ندیم کے زریعے حلقے میں روزانہ نئے ٹرانسفارمروں کی تنصیب اور پرانے ٹرانسفارمروںکی مرمت کے زریعے انتخابی عمل پر انداز ہو رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے سابق مشیر اور ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے پیسکو چیف اور دیگر اعلی حکام کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پرسرکاری ٹرانسفارمرز مختلف علاقوں سے اپنے امیدواروں کے حجروں میں منتقل کئے ہیں جنہیں اب مذکورہ امیدوار اپنے انتخابی مہم کے دوران سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کرکے الیکشن پر انداز ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں ہم نے دو دن قبل الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر دودن کے اندراندر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو پشاور میں تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار وںکو ساتھ لیکر الیکشن کمیشن آفس اور واپڈا ہاوس پشاورکے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔