Live Updates

برسراقتدارآکرہم لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع مہیا کر یں گے،سپیکراسدقیصر

جمعرات 21 جون 2018 18:50

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ عوام بہترین منصف ہیں میرے پانچ سالہ دور کے ترقیاتی کاموں اور سابقہ ادوار کے ممبران اسمبلی کے ترقیاتی منصوبوں میں موازنہ کریں تو عوام کو میرا پلڑابھاری نظر آئے گا، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینا پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے،اقتدار میں آنے کے بعد ہم لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع مہیا کرینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرغز میں اپنے الیکشن مہم کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے کیا ،انہوں نے کہا کہ آج حکومت ختم ہونے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ لوگ جوق درجوق ہمارے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں اور یہ اس بات کا واضع ثبوت ہے کہ لوگ ہماری پانچ سالہ دور حکومت کی کارکردگی سے مطمئن اور خوش ہیں،انہوں نے کہا کہ میری سیاست کا محور اور مرکز صرف میرے لوگ ہیں اور میرا مشن اپنے لوگوں کی خدمت اور ان کی معاشی اور معاشرتی زندگی بدلنا ہے ،انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج ضلع صوابی کے بڑے بنیادی مسائل حل کرنا تھے گیس کا مسئلہ جو وفاقی حکومت کے ہاتھ میں تھا اور ہم نے عدالتی جنگ کے ذریعے صوابی کیلئے گیس حاصل کی ،بجلی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئی13 فیڈرز منظور کروائے جس سے وولٹیج کا مسئلہ کافی حد تک ختم ہو گیا ،سڑکوں کا جال بچھایا ، سولر لائٹس لگوائی ، ڈگری کالج ، ہائیر سیکنڈری سکولز کا قیام ، ٹیکنیکل کالج اور یونیورسٹی کا قیام ، وومن یونیورسٹی ، میڈیکل کالج،سپورٹس کمپلکس جیسے پراجیکٹ لے کر آئے ،پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے علاقہ گدون میں بادہ ، کنڈل اور اتلہ ڈیم کے منصوبے شروع کئے، پیہور ہائی لیول کنال کی وسعت کا منصوبہ بنا یا جس سے کالا درہ سے چھوٹا لاہور تک17000 ایکڑ زمین سیراب ہو گی ، سی پیک میں عدالتی جنگ کے ذریعے اس علاقے اور صوبے کے عوام کیلئے بڑے منصوبے منظور کروانے میں کا میاب ہوئے اور آج رشکئی کے مقام پر پاکستان کا سب سے بڑا انڈسڑیل زون کا قیام عمل میں آرہا ہے جس سے اس علاقے کے بیس لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے ،انہوں نے مزید کہا کہ بیروزگار وں کو روزگار کی فراہمی کیلئے حکمت عملی وضع کر لی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کا منشور یہ ہے کہ آنے والے وقت میں ہم لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع مہیا کر یں گے ، سپیکر اسد قیصر نے پی ٹی آئی ورکروں پر زور دیا کہ وہ الیکشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پارٹی کا پیغام گلی گلی کوچے کوچے عام کریں کیونکہ ان کی جیت اس علاقے کی جیت ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات